اسلام آباد: آئی ایم ایف کی جانب سے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو قرض کی پہلی قسط جاری کی جائےگی، اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس رواں ماہ دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے، جس میں 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط کی منظوری دی جائے گی، اور منظوری کے بعد پاکستان کو قرض کی پہلی قسط جاری کی جائےگی۔
حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تین ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہے، آئی ایم ایف ویب سائٹ پر ایگزیکٹیو بورڈ کا تاحال حتمی شیڈول جاری نہیں ہوا۔
دوسری جانب حکام آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دی جانے والی پہلی قسط کا حجم ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ہوگا، معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا۔
آئی ایم ایف کے مطابق معاہدے کے تحت توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی، جب کہ ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے دوسرے ہفتے میں متوقع








