پاکستان سُپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فرنچائز کے مالک عالمگیر ترین کی اچانک موت پر ویڈیو بیان جاری کردیا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ عالمگیر صاحب اللہ تعالی کے پاس چلے گئے ہیں، یہ ہم سب کے لیے بلاشبہ ایک افسوسناک خبر ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ ’عالمگیر ترین ناصرف ملتان سلطانز کے مالک تھے بلکہ ایسے بہت سے کام تھے جو انہوں نے پاکستان کی خدمت کے غرض سے کیے‘۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پاکستان کی خدمت سے میں بہت اچھی طرح واقف ہوں۔
Alamgir Tareen – Till we meet again, sir! 🤲 pic.twitter.com/KVuVQs8yBB
— Muhammad Rizwan (@iMRizwanPak) July 6, 2023
وکٹ کیپر بیٹر نے عالمگیر ترین سے آخری گفتگو کا بھی تذکرہ کیا، انہوں نے کہا کہ جب ہماری ٹیم حج کے لیے روانہ ہورہی تھی تو آخری وقت میں ہم نے ان سے درخواست کی، وقت بالکل ختم ہونے کے باعث انہوں نے ہم سے معذرت کی اور وعدہ کیا کہ اگلی بار وہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔
اپنے ویڈیو بیان کے آخر میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ وہ عالمگیر ترین کے لیے خصوصی دعا کریں۔
خیال رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین کے بھائی اور پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔









