چترال(ضیاءالاسلام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے کہا کہ شندور پولو فیسٹیول کیلئے چھ ماہ سے تیاریوں کا آغاز کیا۔ فیسٹیول کا کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مشتوج روڈ بنانے کیلئے قوافی حکومت کو درخواست کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شندور پولو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان، بریگیڈیئر عمران خان، ضلعی انتظامیہ کے عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ چترال اپر و لوئر اور ڈسٹرکٹ پولیس کے اشتراک سے منعقدہ شندور پولو فیسٹیول کا افتتاحی میچ سرلاسپور اپر اور سرلاسپور لوئر کے مابین کھیلا گیا۔
جس میں سرلاسپور اپر نے میچ 1 گول کے مقابلے میں 5 گوک سے جیت لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ شاہد اللہ خان نے کہا کہ وادی شندور میں پولو فیسٹیول کا اہتمام کرنا ایک مشکل کام تھا لیکن منتظمین نے اسے ممکن بنایا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان نے بتایا کہ سیاحوں کی سہولت اور مدد کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کی مدد کے لیے ٹورازم پولیس کو تعینات کیا گیا ہے اور سیاحوں کے لیے مناسب رہائش کی سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مزید برآں ٹورازم اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1422 کام کر رہی ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر پیرا گلائیڈنگ، بچوں کا ٹیبلو شو، روایتی رقص سمیت مختلف سرگرمیاں پروگرام کا حصہ تھی۔ فیسٹیول میں چترال اور گلگت سے تعلق رکھنے والے مقامی فنکاروں اور ہنرمند افراد کے فن پاروں کو اجاگر کرنے اور ان کی تشہیر کے لیے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔










