کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی، شہر کا موسم قدرے خوشگوار ہوگیا ہے۔
نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، یاسین آباد اور گردونواح میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
دوسری جانب کراچی میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود نالوں کی صفائی نہ ہوسکی۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی سست روی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
کراچی میں پاک کالونی، گجر،لیاقت آباد،محمود آباد سمیت 41 بڑےاور 518 چھوٹے نالے ہیں،جن میں سے بیشتر میں اب تک کچرے کے ڈھیر موجود ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گندگی بدبو اورتعفن سے جینا محال ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں سات سے گیارہ جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کررکھی ہے۔
کراچی کے علاوہ لاڑکانہ، دادو، سبی، ڈھاڈر اور لاہور سمیت سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے تیز بارش نے جل تھل ایک کردیا، نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا،
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ اور میر پور خاص سمیت سندھ میں آج موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
لاہور میں بھی دوروز قبل ہونے والی ریکارڈ توڑ بارش کے بعد ایک بار پھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔









