بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی ڈیلاس ٹیکساس میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات

ڈیلاس(ممتازنیوز ) امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے ٹیکساس میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں موجود کاروباری مواقع خاص طور پر آئی ٹی، ہیلتھ ٹیک، ایگری اور دیگر شعبوں میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے امریکی ہم منصبوں کو پاکستان میں اپنی تجارتی سرگرمیوں کو وسیع کرنے کی رغبت دلائیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی کامیابیوں کا ثمر پاکستان لانے سے جہاں آپ مادر وطن کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہوں گے وہاں پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔
سفیر مسعود خان نے یہ بات ڈیلاس، ٹیکساس میں پاکستانی کمیونٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
متعدد شعبوں میں پاکستانی نژاد پروفیشنلز ، آئی ٹی ماہرین، طبی ماہرین، کاروباری افراد اور دیگر شخصیات کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ ان کامیابیوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔
امریکی سیا سی افق پر پاکستانی امریکن شخصیات کی نمائندگی جن میں دس ریاستی اسمبلیوں میں نمائندگی بھی شامل ہے کو اجاگر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ یہ امریکی معاشرے میں ان کے کامیاب انضمام کی علامت ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا پاکستانی کمیونٹی کی اخلاقیات، عزم اور سب سے بڑھ کر سماجی خدمت کے جذبے کو بھی قرار دیا جس نے انہیں معاشرے میں نمایاں مقام دلایا ہے ۔
سفیر پاکستان نے اس حوالے سے امریکی حکومت، عوام اور امریکی نظام کا بھی شکریہ ادا کیا جو سمندر پار پاکستانیوں کو ترقی اور امریکہ کی کامیابیوں میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔
پاکستان کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے مسعود خان نے معاشی استحکام کو بڑا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ اور گذشتہ سال کے تباہ کن سیلاب نے معیشت کو بہت نقصان پہنچایا اور معاشی استحکام کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی۔ مشکل کی ہر گھڑی میں سمندر پار پاکستانیوں کی مدد کا ذکر کرتے ہوئے مسعود خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی معیشت کو دوبارہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد جاری رکھے گی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم ایک پرعزم قوم ہیں ۔ ہم نے جنگوں اورر امن میں تمام آزمائشوں کا مقابلہ کیا ہے۔ ہم نے کوویڈ اور اس کے بعد تباہ کن سیلاب کے چیلنجوں کا مقابلہ کیا۔ بلاشبہ یہ ایک مشکل وقت ہے لیکن ہمارے پاس نوجوان طبقہ اور خوشحال سمندر پار پاکستانیوں کا اثاثہ موجود ہے جن سے ہمیں بہت امیدیں ہیں۔ ہم موجودہ چیلنجز پر بھی قابو پا لیں گے ۔
سفیر پاکستان نے کمیونٹی اراکین پر زور دیا کہ جہاں وہ خود ملک میں موجود کاروباری مواقع تلاش کریں وہاں اپنے ہم وطنوں اور اس کے ساتھ ساتھ امریکی سرمایہ کاروں کو بھی ملک میں موجودہ کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد کریں۔اس ضمن میں سفیر پاکستان نے بہتر نیٹ ورکنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ سفارت خانہ پاکستان اور اس کے قونصل خانے کاروباری روابط کو بڑھانے اور عوام کے درمیان تبادلے کو فروغ دینے کی کوششوں کے ضمن میں ہر ممکن سہولت فراہم کرتے رہیں گے۔
سفیر نے پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدر جناب سلمان تابانی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے میٹنگ کا اہتمام کیا اور انہیں کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کا موقع فراہم کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سلمان تابانی نے کہا کہ پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس 1984 سے شمالی ٹیکساس کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمت کرنے والی سب سے پرانی رجسٹرڈ تنظیم ہے۔ یہ تنظیم ایک غیر سیاسی اور غیر منافع بخش سماجی تنظیم ہے جو سماجی، شہری، تعلیمی، ادبی، سائنسی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے قائم کی گئی ہے۔یہ تنظیم ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ مسٹر تابانی نے تنظیم کی نئی قیادت کا وژن بھی شیئر کیا یہ قیادت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد پر مشتمل ہے۔ مسٹر تابانی نے کہا کہ ہم اس تنظیم کو مزید بہتر بنانے اور ضرورت مندوں اور پسماندہ افراد کے لیے نئی خدمات متعارف کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔