لاہور(ممتازنیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نےکہاکہ نوجوانوں کو مثبت ذرائع ابلاغ کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں تمام اداروں کو بری طرح تباہ کیا،چار سال ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے،ریڈیو اور دیگر ذرائع ابلاغ قومی ورثہ اور وقت کی اشد ضرورت ہیں،سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کا مثبت بیانیہ اجاگر ہوگا۔
اتوار کو ریڈیو پاکستان کے مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ عوام کو سستی تفریح فراہم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،ملکی سینما ہائوسز مختلف وجوہات کی بناء پر پٹرول پمپس اور شادی ہالوں میں تبدیل ہو گئے،سینما ہائوسز کا مقصد نوجوانوں کو سستی تفریح فراہم کرنا ہے،ملک کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں سینما ہائوسز بنائے جائیں گےنئی پالیسی کے تحت نوجوانوں کو فلم سازی میں مواقع ملیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں میوزک ہنٹ پروگرام شروع کریں گے، 15 جولائی سے اس پروگرام کا آغاز کیا جائے گا،سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی کے سے ٹیلنٹ کو پاکستان کے عوام تک پہنچایا جائے گا،فلم، ثقافت اور ورثہ کے ذریعے ہم پاکستان کے امیج کو بہتر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے،انڈسٹری کو بحال کرنے کے لئے حکومت نئی پالیسی لے کر آئی،علاقائی ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں،کلاسیکل میوزیکل ریسرچ کے ذریعے دور دراز کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہو نہ کہ پٹرول بم ہو، آنے والا وقت پاکستان کو جوڑنے کا وقت ہے، پی ٹی وی فلکس کے اجراء پر سیکریٹری اطلاعات سمیت وزارت کے تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پی ٹی وی اکیڈمی کو یونیورسٹیوں کے ساتھ لنک کر ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔









