فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ انہیں گیند ٹھیک نہ کروانے پر کپتان بابر اعظم سے سب سے زیادہ ڈانٹ پڑتی ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران بابر اعظم نے اعتراف کیا تھا کہ انھیں ٹیم میں سب سے زیادہ پیار حارث رؤف سے ہے سب سے زیادہ ڈانٹ بھی حارث ہی کو پڑتی ہے، بعد ازاں امام الحق نے بھی نجی ٹی وی کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں انکشاف کیا کہ ٹیم میں سب سے زیادہ جذباتی حارث رؤف ہیں۔
جس کے بعد سوشل میڈیا پر حارث رؤف کی نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں میزبان کے سوال پر حارث نے گراؤنڈ میں کپتان سے ڈانٹ کھانے کی وجہ پر بات کی۔
حارث نے بتایا کہ انہیں بابر اعظم سے ہر بات پر ڈانٹ پڑتی ہے ،وجہ بتاتے ہوئے حارث کا کہنا تھا کہ اگر دوران کھیل گراؤنڈ میں فوکس نہ ہو، یا پھر کپتان جس پوزیشن پر گیند کرنےکا کہے اور آپ نہ کریں تو اس کے بعد مجھے یقین ہوتا ہے واپس جاؤں گا تو کپتان ’اچھے‘ لفظ میں ضرور یاد کرےگا۔
اسی انٹرویو کے دوران حارث نے یہ بھی بتایا کہ قرنطینہ کے دوران اپنے اور شاہین دونوں کے بال خود کاٹ چکا ہوں لیکن شاہین کے بال کاٹنے کے بعد جب اسے ٹی وی پر دیکھا تو ڈر کر بھاگ گیا کیوں کہ وہ اتنا برا لگ رہا تھا۔









