اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق تحفظات پر مبنی رپورٹ صدر مملکت کو موصول ہو گئی جس میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب آئین و قانون کے مطابق نہیں ہوا ، ووٹنگ کا ریکارڈ ٹمپرڈ ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت کو چھ صفحات پر مبنی رپورٹ ارسال کی ، رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کےانتخاب کی ووٹنگ کاریکارڈ ٹمپرڈہے، پولیس کورولز کےخلاف ایوان میں داخل کیاگیا، ارکان اسمبلی کوووٹ دینے سے روکا گیا۔ ووٹنگ آئین کے سیکنڈ شیڈول کے منافی طریقہ کار اختیار کر کے کرائی گئی ، ووٹنگ میں سیکنڈ شیڈول کو نظر انداز کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر کا وزیر اعلیٰ کے انتخابی عمل سے مطمئن ہونا ضروری ہے ، عثمان بزدار کا استعفیٰ بھی متنازعہ ہے ، آئین کے آرٹیکل 130 ، سب سیکشن 8 کی خلاف ورزی کی گئی ، گورنر آفس کو وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا تو منظور کیسے کیا گیا؟۔
عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت سے استدعا کی کہ وزیر اعلی پنجاب کا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے ۔









