اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں عمران خان کے خلاف درج تین مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں جسٹس ابولحسنات ذوالقرنین نے شفاف تفتیش پر زور دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بائیومیٹرک کرانے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔
اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیسز کی سماعت کے دوران کہا کہ عمران خان کو پہلے یہاں بلا لیں، بادشاہوں والی بات ہے، انہیں پتہ نہیں کیس کال ہوگیا ہے؟ رجسٹرار کو فون کریں، انہیں کہیں پہلے یہاں بھیجیں۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ آج عدالت کے سامنے تین مقدمات زیرِ سماعت ہیں، عمران خان کل تینوں کیسز میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں۔
وکیل عمران خنا نے کہا کہ لاہور مقدمات میں تفتیشی افسران نے بہت تعاون کیا ہے، ان سارے کیسز میں مدعی، گواہ اور تفتیشی پولیس ہے، اس صورتحال میں انصاف ہمیں عدالت نے دینا ہے۔
جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیسز کے زیر تفتیش ہونے کی تفصیلات بتائی جائیں۔
جس پر وکیل نے بتایا کہ عمران خان کےخلاف ٹائر جلانے پر مقدمات درج ہوئے، دہشتگردی ایکٹ کے تحت تینوں مقدمات کی کل تفتیش مکمل ہوگئی۔
اس دوران عدالت نے پراسیکیوٹر کو بیچ میں دلائل دینے سے روک دیا اور جج نے کہا کہ میں سب کوسنوں گا لیکن پہلے درخواستگزار کے وکیل کو سن لیں۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ پراسیکیوشن کو ہر کیس میں گرفتاری مطلوب ہے۔
اے ٹی سی جج نے کہا کہ ہم یہاں انصاف صرف ضمانت کی حد تک کرنے کیلئے بیٹھے ہیں، انصاف یہ ہے کہ اگر ایک بندہ بے گناہ ہے تو بے گناہ کریں، انصاف یہ ہے کہ اگر گناہ گار ہے تو گناہ گار کریں، میں بالکل برداشت نہیں کروں گا، شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، میں یہ روایتی کارروائی نہیں ہونے دوں گا، میں اعتدال سے کہہ رہا ہوں، بغیر ڈرے، شفاف لہجے میں کہہ رہا ہوں۔
جج ابولحسنات نے کہا کہ بلی کے گلے میں گھنٹی کون ڈالے گا؟ ہم نے اس ملک کو بچانا ہے، انصاف پر مبنی تفتیش کریں، میں بہت کلیئر بندہ ہوں، اس پر میں سمجھوتہ نہیں کروں گا، تفتیش میں کوئی بے انصافی ہوئی تو نہیں چھوڑوں گا، میں قانون کے مطابق پولیس کیخلاف کارروائی کروں گا۔
وکیل سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ 19 جولائی کی تاریخ دی جائے۔
جسٹس ابولحسنات نے کہا کہ آپ کے پاس جو مواد ہیں ان کو فراہم کریں۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج 11 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج 11 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر آج سماعت ہورہی ہے۔
9 مئی واقعات و دیگر 8 مقدمات کی سماعت سیشن کورٹ میں ہوگی۔
تھانہ ترنول اور تھانہ شہزاد ٹاؤن میں دو دو مقدمات درج ہیں، ان چاروں کیسز کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کیلئے سیشن کورٹ ایک روز کے لیے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلام آباد کے چیف کمشنر کی منظوری سے عدالت کی منتقلی ہوئی۔
تھانہ کراچی کمپنی، کوہسار، رمنا، سیکرٹریٹ میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے، ان چار کیسز کی سماعت بھی جوڈیشل کمپلیکس میں ہوگی۔
تین مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی۔









