اسلام آباد/ہالہ/لاہور(خصوصی رپورٹ) اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے بھی وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کو سنا ،سابق وزیراعظم محمد نوازشریف بھی خطاب سننے والوں میں شامل ہیں تا کہ پارٹی کو آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں ہدایات جاری کرسکیں ، تیل ، بجلی ، کسانوں ، کاشتکاروں ، نوجوانوں ،طلبا کیلئے اہم اعلانات کے نتیجے میں اپوزیشن اپنی بڑی سرگرمیوں کے ایجنڈے کے حوالے سے متفکردکھائی دیتی ہیں ۔اپوزیشن رہنمائوں نوازشریف ،آصف علی زرداری ،بلاول بھٹو زداری ، مولانا فضل الرحمان ، شہبازشریف،شاہد خاقان عباسی ،مریم اورنگزیب اور دیگر رہنمائوں نے بھی وزیراعظم کے قوم سے خطاب کو سنا تا کہ پارٹی کے لائحہ عمل کے ذریعے وزیراعظم کے خطاب کو کاؤنٹر کیا جا سکے ۔ بلاول بھٹو نے ہالہ سندھ میں پارٹی رہنمائوں کے ساتھ خطاب سنا ۔اپوزیشن کی بڑی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں ، ایسے میں وزیراعظم نے قوم کو ریلیف کے سلسلے میں جو اعلانات کردیے ہیں ،حکومت کے خلاف اپوزیشن کس حکمت عملی کا اعلان کرسکیں گی ۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان حالات میں اپوزیشن کے لائحہ عمل کو پذیرائی حاصل نہیں ہوگی کیونکہ بجٹ تک تیل وبجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا غیر معمولی اعلان کیا گیا ہے ۔