بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

درجنوں شہریوں کے آن لائن ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے رقم چوری کا انکشاف

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں درجنوں شہریوں کے آن لائن ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے رقم چوری کا انکشاف ہوگیا ، شہریوں کے اکاؤنٹس سے ملکی اور غیرملکی کرنسی کی مد میں بڑی رقم چوری کرلی گئی ، ایف آئی اے سائبرکرائم نے شہریوں کی شکایتوں پر کام شروع کر دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں جعل ساز دو روز کے دوران سے متعدد شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم نکال چکے ہیں ، اس مقصد کے لیے جعلسازوں نے پہلے سے مختلف طریقہ واردات اختیار کیا ہے اور اس بار فراڈیے ملکی اور غیر ملکی کرنسی میں معمولی رقم نکال رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ جعل ساز انعامی اسکیم، بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کا نام استعمال کر کے شہریوں سے ذاتی معلومات لیتے ہیں ، اسی طرح ملزمان جعلی شاپنگ ایپ سے بھی شہریوں کے اے ٹی ایم پن حاصل کرلیتے ہیں ، ایف آئی اے سائبرکرائم نے شہریوں کی شکایتوں پر کام شروع کر دیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آن لائن ڈیبٹ کارڈ فراڈ سے ابتدائی طورپر تین نجی بینکوں کے صارفین متاثر ہوئے جب کہ اس فراڈ کی شکایات دو روز سے منظر عام پر آنا شروع ہوئی ہے ، اس دوران شہریوں کے اکاؤنٹ سے چھوٹی رقوم کی کئی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرانزیکشنز بین الاقوامی رقوم میں ہوئیں ، جس کے لیے ٹرانزیکشنز سرچ انجن گوگل پر جعلسازی سے کی گئیں تاہم اس فراڈ کا شکار ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد ابھی تک سامنے نہیں آسکی فی الحال صرف ایسے صارفین کو ہی اس بارے میں معلوم ہوا جو باقاعدگی سے اپنی ای میلز چیک کرتے ہیں یا جنہیں ایس ایم ایس کے ذریعے فوری طور پر کسی بھی ٹرانزیکشن کے بارے میں آگاہی ہوجاتی ہے۔