بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پارا چنار کے مسئلے پر وزیرِ اعظم کو آگاہ کر کے امن و امان کیلئے بھرپور کوشش کریں گے: سپیکر قومی اسمبلی کی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے نمائندہ وفد نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کی جبکہ سیکرٹری محرم کمیٹی عزاداری سیل حسن کاظمی، علامہ سید قمر حیدر زیدی، شوکت عباس جعفری، ارشاد علی نقوی، مولانا ملک اجلال حیدری شامل تھے۔ اس موقع پر ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی نے سپیکر قومی اسمبلی کو پارا چنار کے تشویشناک حالات اور عزاداری پر پابندیوں پر تشویش سے آگاہ کِیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کے وفد کی معروضات کو بغور سن کر ان پر مثبت عملدرآمد کا وعدہ کِیا اور کہا کہ حکومت تمام مکاتبِ فکر کے حقوق کی یکساں ادائیگی پر یقین رکھتی ہے، پارا چنار کے مسئلے پر وزیرِ اعظم کو آگاہ کر کے امن و امان کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسلمان نواسۂ رسولؐ کا عزادار ہے ہم خود جلوسوں میں سبیل لگاتے ہیں، پیپلز پارٹی مذہبی آزادیوں پر یقین رکھتی ہے، عزاداروں کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کریں گے۔اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی ہمارے منشور کا حصہ ہے جسکے لیے ہم تمام مکاتبِ فکر کو ساتھ لیکر چلیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ چار دیواری کے اندر مجالس پر پابندیوں کا نوٹس لِیا جائے۔ ٹی این ایف جے کے وفد نے ملک میں بیگناہوں کی شیڈول فور میں شمولیت کو ظلم و زیادتی قرار دیا۔