اسلام آباد (اصغر چوہدری) سابق وزیر داخلہ و ممتاز سیاسی رہنماء چوہدری نثار علی خان کے قریبی عزیز پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ،سپیکر راجہ پرویز اشرف کے دل میں بھی چوہدری نثار علی خان کیلئے نرم گوشہ ،کہیں سابق وزیر داخلہ بھی پیپلز پارٹی کو پیارے تو نہیں ہونے جارہے؟ متعدد بار ایم پی اے منتخب ہونے والے ملک آصف ایڈووکیٹ جو کہ چوہدری نثار علی خان کے بہنوئی ہیں نے پیپلز پارٹی کے رہنما سردار سلیم حیدر کی کوششوں سے ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ، ملک آصف ایڈووکیٹ تین مرتبہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں، انہوں نے 2013میں قومی اسمبلی کا الیکشن مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر لڑا تھا جس میں انہوں نے میجر طاہر صادق کے بیٹے زین الہی سے 700کے لگ بھگ ووٹوں سے شکست کھائی تھی ،مسلم لیگ ن سے چوہدری نثار علی خان کی دوریاں ہونے کی وجہ سے انہیں بھی مسلم لیگ ن میں اہمیت نہیں مل رہی تھی ،ملک آصف ایڈووکیٹ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کا اشارہ تو نہیں کہ چوہدری نثار علی خان بھی پیپلز پارٹی کو پیارے ہو سکتے ہیں ،دوسری جانب سابق وزیر داخلہ کے بھانجے سردار احسن جو کہ ایم پی اے بھی رہ چکے ہیں جن کے پاس اچھا خاصا ووٹ بھی ہے ان کیلئے بھی سردار سلیم حیدر کوششیں کر رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران چوہدری نثار علی خان کو ایک عزت دار و باوقار سیاست کا خطاب دے چکے ہیں ،سیاسی حلقوں میں یہ بات بھی زیر بحث ہے کہ چوہدری نثار علی خان کی راہیں مسلم لیگ ن سے تو عملاء جدا ہیں اور9مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کی جانب وہ دیکھ ہی نہیں سکتے ہیں تو کیا انکی اگلی منزل پیپلز پارٹی ہو سکتی ہے ۔
سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کے بہنوئی ملک آصف پیپلز پارٹی میں شامل








