بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ووکیشنل سکلز ٹریننگ آج کے زمانے کی کنجی ، امید ہے ہنر مند نوجوان پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ ووکیشنل سکلز ٹریننگ آج کے زمانے کی کنجی ہے، امید ہے ہنر مند نوجوان پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔

اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،مجھے امید ہے یونیورسٹی انتظامیہ ادارے کو آگے لے کر جائے گی،شعبہ تعلیم میں اصلاحات کیلئے اقدامات جاری ہیں ،ان کاکہناتھا کہ قوموں کی ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن ضروری ہے،ترقی کرنے کیلئے مسائل کا حل نکالنا ضروری ہے۔

وزیراعظم شہبا ز شریف نے کہاکہ1997میں پہلی بار وزیراعلیٰ منتخب ہوا تو ووکیشنل ٹریٹنگ پر فی الفور توجہ دی،ملکی ترقی کیلئے منفی باتوں کو پاؤں کی زنجیر بنانے کے بجائے حل نکالنا ہوگا، 75سال میں جو عادتیں پڑ گئی ہیں ان بتوں کو توڑنا آسان نہیں،ہم نے 2008میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ بنایا،پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کیلئے بجٹ سے 2ارب سالانہ مختص کئے،4لاکھ 50ہزار نوجوانوں کو میرٹ پر وظائف دیئے،پنجاب میں دانش سکولوں کو ایک جال بچھایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ تعلیم کے حصول کیلئے امیر اور غریب میں تفریق نہیں ہونی چاہئے، تعلیم کسی ایک طبقے کا نہیں سب کا بنیاد حق ہے، امیر اورغریب کا فرق ختم ہونے تک قائد کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،فنی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے سے تجارتی خسارے میں کمی آئے گی۔ان کا کہناتھا کہ ہماری حکومت کا صرف ایک ماہ رہ گیا ہے۔