بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے دوران زرداری سے مدد مانگی، معروف صحافی کا دعویٰ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے سینئر صحافی نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے آصف علی زرداری سے این آر او مانگا تھا۔ نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹویٹر‘‘ پر بریکنگ نیوز دیتے ہوئے لکھاچڑیا نے تصدیق کی ہے کہ 27 مارچ کو عمران خان نے بگ بی سے تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی درخواست کی، بدلے میں قومی اسمبلی کو تحلیل کرکے نئے انتخابات کرانے کا وعدہ کیا۔انہوں نے مزید لکھا کہ جب پی ڈی ایم نے انکار کیا تو انہوں نے این آر او کے لیے اے زیڈ (آصف زرداری) کو نجی پیغام بھیجا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا تھا۔اب وہ خود کو فوجداری مقدمات سے بچانے کے لیے بگ بی پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ دوسری جانب سینئر جرنلسٹ اور یوٹیوبر سید طلعت حسین نے اس سے ملتا جلتا ہی دعویٰ کیا۔ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے انہوں لکھا کہ ابھی ابھی خبر ملی ہے کہ عمران خان نے اپنے دوست ملک ریاض کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل آصف زرداری کے پاس بھیجا اور ووٹنگ کا حصہ نا بننے کی درخواست کی۔ انہوں نے مزید لکھایعنی انہوں نے این آر او مانگا تھا، تاہم آصف زرداری نے صاف انکار کر دیا۔ صحافی اسد علی طور نے بھی کچھ ایسا ہی ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، “ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عدم اعتماد کے ووٹ سے عین قبل سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے (زمینوں پر قبضہ کرنے والے) ملک ریاض کو سابق صدر آصف علی زرداری کے پاس بھیجا کہ وہ عدم اعتماد کے ووٹ کا حصہ نہ بنیں لیکن آصف زرداری نے تعاون کرنے سے انکار کردیا۔ ادھر چند الفاظ کے ہیر پھیر کے ساتھ ایک ہی پیغام شیئر کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے ان ٹوئٹس کو سابق وزیراعظم کے خلاف کردار کشی کی مہم قرار دیا ہے۔