اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے انٹر کی طالبہ کو نوکری کا جھانسہ دے کر ٹریل تھری میں زیادتی کرنیوالا انسان نما درندہ پکڑ لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ ایف ایس سی کی طالبہ سے زیادتی کا واقعہ اسلام آباد کے علاقے ٹریل تھری میں پیش آیا۔ ملزم نے لڑکی کو ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر بلوایا ، نعمان نامی اوباش نے لڑکی کو محکمہ تعلیم میں ملازمت دلوانے کیلئے 60 ہزار روپے بھی مانگے۔
لڑکی نے 30 ہزار روپے ادا کئے تو نعمان نامی ملزم لڑکی کو افسر سے ملانے کا کہہ کر ٹریل تھری لایا اور جنگل میں اسلحہ دکھا کر زیادتی کر ڈالی۔ زیادتی کی شکار لڑکی کو ملزم نعمان نے کسی کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ لڑکی ڈر کر خاموش ہو گئی تاہم گھر جاتے ہی اس کا ضبط ٹوٹ گیا اور اس نے روتے ہوئے اپنے اوپر ہونے والے ظلم سے آگاہ کیا جنہوں نے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کروایا۔









