بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

معاہدوں پر عملدرآمد سے پاکستان کیساتھ معاشی، سیاسی تعلقات مضبوط ہونگے، ایران

تہران: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے سکیورٹی سرحدوں کو معاشی سرحدیں بنانے کی ایران کی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ایک طریقہ، سرحدی بازاروں کی توسیع اور پاکستان کے ساتھ انرجی کے شعبے میں تعاون ہے۔ ہمسایہ اور مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ابراہیم رئیسی نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے تہران میں ہونے والی ملاقات میں پڑوسی، ہم خیال اور مسلم ملکوں کے ساتھ تعلقات میں توسیع کو ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی معاہدوں پر عمل در آمد کی رفتار میں تیزی سے ایران و پاکستان کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون میں بہتری پیدا ہوگی اور اس کے نتیجے میں دونوں پڑوسیوں کے سیاسی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔
رئيسی نے اسی طرح علاقائی ملکوں کے تعلقات خراب کرنے کی دشمنوں کی کوششوں کا ذکر کیا اور موجودہ گنجائشوں اور باہمی لین دین میں اضافے کے ذریعے باہمی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر نے بھی پڑوسیوں خاص طور پر پاکستان کے ساتھ تعلقات میں توسیع کی ایران کی پالیسیوں کو سراہا اور اسے عالم اسلام کے لئے خاص قرار دیا۔
جنرل عاصم منیر نے ایران اور پاکستان کی طولانی مشترکہ سرحدوں اور سرحدی لین دین کی گنجائش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی ومعاشی تعاون سے سکیورٹی کے حالات میں بہتری آئے گی۔ ہم سکیورٹی کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے ایرانی وزير خارجہ حسین امیر عبد اللھیان سے بھی ملاقات کی تھی
وزير خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اور جنرل عاصم منیر کی ملاقات میں باہمی دلچپسی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گيا تھا ۔
گزشتہ دو دنوں کے دوران جنرل سید عاصم منیر نے ایرانی فوج کے سربراہ محمد باقری پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت کئی اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے۔