اسلام آباد(ممتازنیوز ) وویمن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے وویمن مینی فیسٹو کے موضوع پر سیاسی جماعتوں کی گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معزز پارلیمنٹرینز ، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندوں کو اس اہم کانفرنس میں خوش آمدید کہتی ہوں ،ملک عام انتخابات کی طرف رواں دواں ہے اور اس وقت سیاسی جماعتوں کی یہ گول میز کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے ،عام انتخابات سے پہلے ملک میں ایک منصفانہ اور جامع نظام کی طرف پیش رفت انتہائی اہم ہے،ملک اس وقت اپنے 16ویں عام انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے ہمیں مستقبل اور ماضی کے سفر کا جائزہ لینا ہوگا۔
منگل کواسلام آباد کے سرینہ ہوٹل میں گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہدہ رحمانی نے کہاکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا دو دفعہ پاکستان کا وزیراعظم بننا ملک کیلئے بڑا اعزاز ہے ،پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت اہم عہدوں پر کام کیا ،پاکستانی خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں سیاسی منشور انتہائی اہم ہوتا ہے ، سیاسی منشور ہماری جمہوری اقدار کی عکاسی کرتی ہے ۔
انہوں نےکہاکہ خواتین ہماری آبادی کا تقریباً نصف ہیں جو سیاسی منشور کا انتہائی اہم حصہ ہے ، آج کے اس کانفرنس کا مقصد سیاسی منشور میں خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات کو اجاگر کرنا ہے ، یہ کانفرنس وویمن پارلیمانی کاکس کے صنفی مساوات کی جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے ،ہمارا مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں خواتین اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں ،سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی منشور میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے جامع اور قابل عمل تجاویز شامل کریں،وویمن پارلیمانی کاکس ایک غیر سیاسی فورم ہے جو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر خواتین کی اجتماعی بھلائی کیلئے کام کرتا ہے ۔










