اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے یوکرینی وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، دفتر خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دیمیترو کولیبا کا استقبال کیا جس کے بعد دونوں رہنماؤں میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور اعلیٰ تعلیم کے علاوہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
یوکرینی وزیر خارجہ دو روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ عسکری حکام سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔









