اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آنے جانے والی حکومتوں کا بھارت کے حوالے سے یکطرفہ جھکاؤ افسوسناک ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ نریندر مودی نے جموں کا دورہ کیا، بھارتی وزیر دفاع نے حملے اور آزاد کشمیر پر قبضے کی دھمکی دی۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوان روزانہ شہید کیے جا رہے ہیں، مگر حکومت کو اب تک رسمی احتجاج اور بیان دینے کی بھی توفیق نہیں ہوئی، آنے جانے والی حکومتوں کا بھارت کے حوالے سے یکطرفہ جھکاؤ افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ غیور عوام بھارتی بالادستی کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر معمول پر نہیں آ سکتے۔
دریں اثنا راولپنڈی میں قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواران کے ساتھ نشست کے موقع پر گفتگو کرتے سراج الحق نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی ہر آئے روز شدت اختیار کر رہی ہے، سب سے بڑا صوبہ پنجاب وزیراعلیٰ کے بغیر چل رہا ہے، سیاست دانوں اور ان کے سپورٹرزکے درمیان نفرتیں اور لڑائیاں بڑھ رہی ہیں۔ مسائل کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ الیکشن میں دھونس، دھاندلی اور دولت کی ریل پیل کے کلچر کو ختم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے لیے آپس میں مذاکرات کریں۔ سیاسی جماعتیں متناسب نمائندگی کے اصول پر راضی ہو جائیں۔ دنیا کی کئی جمہوریتوں میں متناسب نمائندگی کا سسٹم رائج ہے۔ چند خاندان ملک کے وسائل پر قابض ہیں۔ تینوں بڑی جماعتوں نے اقتدارکے مزے لیے، مگر عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی نے مفادات کی جنگ سے دور رہ کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 74برسوں سے رائج فرسودہ نظام سے عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ہماری عدالتوں، معیشت، نظام تعلیم اور ایوانوں میں انگریز کا نظام نافذ ہے۔ سامراج کے وفاداروں نے موجودہ نظام کو سہارا دے رکھا ہے۔ چہرے بدلتے رہتے ہیں، نظام نہیں بدلتا۔ مختلف پارٹیاں اور فوجی ڈکٹیٹر بڑے بڑے دعوے کر کے اقتدار میں آئے، مگر عوام کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ حکمران اشرافیہ قوم کو مسلسل دھوکا دے رہی ہے۔ حقیقی تبدیلی قرآن و سنت کا نظام لانے سے آئے گی۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ چوکیدار بدلنے کی بجائے نظام کو بدلا جائے









