کراچی: چیف میٹرولوجسٹ نے 23 جولائی سے کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ 23 اور 24 جولائی کو کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں تیز بار ش کا امکان ہے اور یہ اسپیل 25 اور 26 جولائی تک وقفے وقفےسے جاری رہ سکتا ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ امید ہے دوسرے اسپیل میں کراچی میں اچھی بارش ہوگی تاہم صوبے میں یوم عاشور پر بارشوں کا امکان نہیں ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہناتھا کہ 9 اور10 محرم کو شمال مشرقی پنجاب میں بارشوں کا اچھا اسپیل متوقع ہے جب کہ 9 اور 10 محرم کو اسلام آباد، راولپنڈی ، جہلم اور دیگر علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
جواد میمن کی گفتگو
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا ہےکہ بھارتی گجرات کے قریب موجود سرکولیشن کے باعث کراچی میں سمندری ہوائیں متاثر ہورہی ہیں جس کے باعث کراچی میں آج حبس محسوس کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوپہر میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش ہوسکتی ہے جب کہ شہر کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بحیرہ عرب سے بادل شہر کی جانب آسکتے ہیں جس کے باعث 23 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان رہے گا۔









