بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صبا قمر جلد شادی کریں گی؟

اداکارہ صبا قمر نے جلد شادی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں خاموشی سے رشتہ ازدواج میں بندھنے کا بہت شوق ہے۔

صبا قمر نے گزشتہ برس مارچ میں بھی جلد شادی کا عندیہ دیا تھا اور انہوں نے اس وقت پاکستانی نژاد آسٹریلوی یوٹیوبر عظیم خان سے تعلقات کی تصدیق بھی کی تھی، تاہم ان پر لڑکیوں کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے کے بعد اداکارہ نے شادی کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔

اب دوبارہ صبا قمر نے جلد رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں ایک شخص ہے اور جلد ہی ان کے مداح اور میڈیا والے اس کے متعلق جان جائیں گے۔

صبا قمر  اداکارہ درفشاں کے ہمراہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے ڈرامے ’فرڈ‘ کے حوالے سے باتیں کرنے کے علاوہ کیریئر اور ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی کھل کر گفتگو کی۔

صبا قمر نے بتایا کہ انہوں نے کئی سال تک اپنی بہن کے بچوں کی دیکھ بھال کی ہے اور انہیں بچے بہت پیارے لگتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں مستقبل میں شوہر سے زیادہ بچے پسند آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے لیے آلو قیمے بنانا سیکھ رہی ہیں اور جلد ہی میڈیا اور مداحوں کو معلوم ہوجائے گا کہ وہ کس کے لیے یہ سیکھ رہی ہیں۔

ہاتھوں پر مہندی سجانے اور شادی کے حوالے سے سوال پر صبا قمر نے شرماتے ہوئے شرارتی انداز میں بتایا کہ جلد ہی وہ دن آئے گا جس کا لوگوں کو انتظار ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر سوچتی ہیں کہ وہ خاموشی سے شادی کرکے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتائیں گی کہ وہ رشتہ ازدواج میں بندھ چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی میں اپنے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کو دیکھنا چاہیں گی اور شادی کا اعلان کرنے کے بعد میڈیا میں تقریبات کی ویڈیوز جاری کریں گی۔

انہوں نے شرماتے ہوئے کہا کہ وہ سوچتی ہیں کہ وہ خاموشی سے شادی کرنے کے بعد دوستوں اور رشتے داروں کے لیے پارٹی کا اہتمام کریں گی۔