بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہبازشریف کے دوروزہ دورہ سعودی عرب کا شیڈول جاری

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم شہبازشریف کے دوروزہ دورہ سعودی عرب کا شیڈول جاری، 28اپریل تا30اپریل تک جاری رہنے والے دورہ کے دوران وزیراعظم کی اعلیٰ سعودی شخصیات سے اہم ملاقاتوں کے علاوہ وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر حاضری بھی دیں گے۔حرم شریف اور روضہ رسول پر وزیراعظم ملکی کی ترقی ، سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کریں گے۔پیر کو سرکاری وسفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہدمحمد بن سلمان سمیت دیگر اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں جن دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے خاص طور پر پاکستان کے لئے معاشی پیکج پر تفصیلی بات چیت ہوگی ۔وزیراعظم نے پیر کو اپنے دورہ سعودی عرب میں جن اہم ایشوز پر سعودی قیادت سے بات چیت کرنی ہے اس پر اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ خاص طور پر روزگار، توانائی، فوڈ سکیورٹی اور طویل المدتی سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے موثر سفارشات مرتب کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پر اسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں، ریاض کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعظم کے وفد میں اتحادی حکومت کی اہم شخصیات مولانا فضل الرحمان، مولانا اسعد محمود،بلاول بھٹو زرداری، شگفتہ جمانی،سرداراخترمینگل،سردار خالد مگسی،خالد مقبول صدیقی،امیرحیدرہوتی،نواب زادہ شاہ زین بگٹی، محمد اسلم بھوتانی، علی نوازشاہ، محسن داوڑ، محمودخان اچکزئی،ڈاکٹر مالک بلوچ،شاہ اویس نورانی ،سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ محمدطاہر اشرفی اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمودبھی شامل ہوں گے جب کہ وفد میں شریف فیملی کے حمزہ شہبازشریف، ان کی اہلیہ ، بیٹی سماویہ حمزہ شہباز،کیپٹن(ر) محمدصفدر،مریم نوازشریف ،صبیحہ عباس شریف،یوسف عباس شریف ،ان کی اہلیہ اور بیٹاعمامہ یوسف عباس شامل ہیں جبکہ لندن میں مقیم وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز شریف،ان کی اہلیہ ،بیٹا حیدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے دونوں صاحبزادے حسین نواز اور حسن نوازبھی وفد میں شامل ہوں گے ۔ان کے علاوہ اسلام آباد سے جدہ جانے والے شریف فیملی کے دیگر افراد میں یوسف عزیز،جویریہ علی، ماریہ علی، سارہ علی اور علی عباس ، محمدہارون یوسف عزیز،عائشہ ہارون یوسف اور مریم ہارون، محمدعمران علی اورربیعہ عمران علی شامل ہیں ،جب کہ سرکاری وفد میں ایل ڈی اے کے سابق چیئر مین احد چیمہ اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔