ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا۔
وکیل درخواست گزار رضوان عباسی نے کہا کہ سیکشن 91 کے تحت ملزم کا عدالت میں پیش ہونا لازمی ہے، حاضری کے بغیر ملزم کی کوئی درخواست نہیں سنا جاسکتی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ابھی تک تو ملزم کی حاضری ہی ریگولرائز نہیں ہے، ایک شخص کیلئے قانون تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکالت نامہ آج جمع کرایا جائے گا۔
جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ وکالت نامہ بھی ملزم کی عدم موجودگی میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔
جس کے بعد جج قدرت اللہ نے استفسار کیا کہ عمران خان کب تک پیش ہو سکتے ہیں؟
جونئیر وکیل نے جواب دیا کہ عمران خان گیارہ بجے تک پیش ہو سکتے ہیں۔
جس کے بعد کیس کی سماعت میں دن 11 بجے تک وقفہ کردیا گیا۔









