ڈی آئی خان (ممتازنیوز )پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم نے ملکی ترقی کا پہیہ جام کرنے والوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور ان کو اقتدار سے الگ کیا ، وزیراعظم شہباز شریف پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، گذشتہ حکومت نے سی پیک روک کر بیرونی ایجنڈا پورا کرنے کی کوشش کی، ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب تک سی پیک روڈ کا آغاز جلد ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 8 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ترقیاتی کاموں کیلئےعملی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں ڈیرہ اسماعیل خان میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے، عمران خان کے دور حکومت میں ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئی میگا پراجیکٹ نہیں شروع کیا گیا، موجودہ دور حکومت میں اس علاقہ کیلئے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکی ترقی کا پہیہ جام کرنے والوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور ان کو اقتدار سے الگ کیا، گذشتہ دور حکومت میں معیشت تباہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور محنت کشوں کے روزگار کیلئے نئے منصوبے لگانا ہوں گے جس پر ہم نے عمل شروع کر دیا ہے، ملک بھر میں کئی میگا پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمارا دیرینہ دوست ملک ہے، چین سمیت دیگر دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہلوں کا راستہ روکنا قوم پر لازم ہے، گذشتہ نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف ہم نے بھرپور احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ دوستی کے خواہاں ہیں لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں، گذشتہ حکومت نے سی پیک روک کر بیرونی ایجنڈا پورا کرنے کی کوشش کی، موجودہ دور حکومت میں ڈیرہ اسماعیل خان میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب تک سی پیک روڈ کا آغاز جلد ہو گا، اگر قوم نے آئندہ انتخابات میں ہمیں منتخب کرکے پھر خدمت کا موقع دیا تو ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں، گذشتہ سیلاب متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے، متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر مکمل کی جائے، خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ہے، اس حوالے سے پیشگی اقدامات کئے جائیں تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر اور وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے بھی خطاب کیا
ہم نے ملکی ترقی کا پہیہ جام کرنے والوں کو اقتدار سے الگ کیا ، وزیراعظم شہباز شریف پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن








