بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں ہر ممکن تعاون کریں گے، احسن بختاوری

گلگت بلتستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے چیف آف سٹاف


اسلام آباد (ممتازنیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے گلگت بلتستان کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے کیونکہ اس میگا ترقیاتی منصوبے سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ صوبے میں خاص طور پر سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کار وں کو مزید پرکشش مراعات فراہم کرنے پر غور کیا جائے تا کہ علاقے میں اعلیٰ معیار کے ہوٹلز، سڑکوں اور دیگر انفراسٹریچکر کو جدید خطوط پر ترقی ملے جس سے دنیا بھر کے سیاح گلگت بلتستان کا رخ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورہ کے موقع پر گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ گلبر خان کے چیف آف سٹاف ایس ایس پی ظہور احمدکے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
احسن بختاوری نے کہا کہ چیمبر نے حال ہی میں سکردو میں کامیاب ٹورازم سمٹ منعقد کیا جس کا مقصد صوبے میں پائے جانے والے سیاحت کے مقامات سے تاجر برادری اور غیر ملکی سفراء کو متعارف کرانا تھا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر صوبے میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں صوبائی حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی معدنیات، ڈرائی فروٹس اور دیگر مصنوعات کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں متعارف کروا کر پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک وفد گلگت بلتستان لے جانے پر غور کرے گا تا کہ بزنس کیونٹی اور سرمایہ کاروں کی وزیر اعلیٰ سمیت دیگر حکام سے ملاقات کرائی جائے اور صوبے میں کاروبار و سرمایہ کاری کی صلاحیت سے ان کو بہتر طور پر آگاہ کیا جائے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ گلبر خان کے چیف آف سٹاف ایس ایس پی ظہور احمد نے تاجر برادری کو صوبے میں کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 40ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔ اس کے علاوہ صوبے میں سیاحت، معدنیات، زراعت اور ڈرائی فروٹ کے شعبوں میں بھی کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا آئی سی سی آئی کے ممبران ایسے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں معدنیات اور قیمتی پتھروں کو تلاش کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور سرمایے کی ضرورت ہے لہذا نجی شعبہ ٹیکنالوجی و سرمایہ لے کر آئے جبکہ صوبائی حکومت ان کو اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنا ایک وفد گلگت بلتستان لے کرآئے جو صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وفد کی وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کرانے میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے چیمبر کی طرف سے گذشتہ دنوں سکردو میں ایک کامیاب ٹورازم سمٹ منعقد کرنے پر چیمبرکے صدر احسن بختاوری اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ چیمبر کی اس کوشش سے بزنس کمیونٹی اور غیر ملکی سفراء کو صوبے میں سیاحت کے پرفضا مقامات کو دیکھنے کا موقع ملا جس سے علاقے میں سیاحت کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت بہتر ہو گی۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، خالدچوہدری، ذوالقرنین عباسی، بابر چوہدری، ظریف خان، ناصر چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔