نئی دہلی: بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکی کے ساتھ کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہماری فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو پار کر سکتی ہے۔
کارگل کے دراس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی فوج 1999 میں ہی لائن آف کنٹرول کو عبور کر سکتی تھی، لیکن امن پسند ملک کے نظریہ، ہندوستانی اقدار پر یقین اور عالمی قوانین سے وابستگی کی وجہ سے قدم نہیں اٹھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس وقت ایل او سی کو عبور نہیں کیا تو اس کا مطلب نہیں کہ ہم ایل او سی کو عبور نہیں کر سکتے تھے۔ ہم ایل او سی کو پار کر سکتے تھے، کر سکتے ہیں، اور ضرورت پڑنے پر مستقبل میں پار کریں گے۔ قوم کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔
موجودہ عالمی منظر نامے میں بعض ممالک میں جنگ کے حد سے زیادہ چلنے کا حوالہ دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عوام افواج کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہر وطن عزیز کو سپاہی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ کوئی بھی جنگ صرف فوجوں کے درمیان نہیں ہوتی، ان ممالک کے عوام کے درمیان بھی جنگ ہوتی ہے۔ کسی بھی جنگ میں براہ راست فوجیں حصہ لیتی ہیں، لیکن بالواسطہ طور پر آپ دیکھیں، تو اس جنگ میں کسان سے لے کر ڈاکٹر، انجینئر، سائنس داں اور بہت سے دوسرے پیشوں کے لوگ شریک ہوتے ہیں۔









