اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ صبر و تحمل سے سیاست کرنے والوں کی کامیابیوں اور بے صبری اور جبر و تشدد کی راہ اپنانے والوں کی ناکامیوں سے عوام بخوبی واقف ہیں،پگڑیاں اچھالنے اور گریبانوں میں ہاتھ ڈالنے کا نام سیاست نہیں ہے،ہم سیاسی لوگ ہیں اور ہم سیاسی رکھ رکھاو اور جمہوری قدروں کے قائل ہیں۔
اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں اور ہم جمہوریت کی قدر و قیمت سے پوری طرح آگاہ ہیں اس لئے ہم پارلیمنٹ، جمہوریت اور اَئین پر کوئی انچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جمہوریت کی آڑ میں ملک، معیشت اور سیاست دشمنی کے مرتکب ہوئے اور انہوں نے اپنی منفی سیاست کے ذریعے ملک میں خوف و ہراس پھیلائے رکھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو پارلیمنٹ کے سامنے کھڑے ہوکر عوام کو امپائر سے ڈراتے تھے اور اہم حکومتی اداروں پر حملہ آور ہوکر خوف و ہراس پھیلاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور وقت تھا مگر اب قانون شکنوں کیلئے قانون سے بچ نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے،تشدد پسند اور مفاد پرست لوگوں سے امن و انصاف کی توقع نہیں کی جا سکتی اس لئے تمام جمہوریت اور امن پسند جماعتیں ایک جماعت سے دوری پر کھڑی ہیں اور جب تک یہ جماعت اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتی اس سے مذاکرات کی بات نا قابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تشدد پسندوں کو اُن کا مشورہ ہے کہ وہ تشدد پسندی اور منفی سیاست کو چھوڑ کر عوام، ملک اور جمہوریت کیلئے اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کریں۔
کچھ لوگ جمہوریت کی آڑ میں ملک، معیشت اور سیاست دشمنی کے مرتکب ہوئے،خورشید شاہ








