اسلام آباد(ممتازنیوز )وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ آج الحمدللہ ریڈیو پاکستان کے 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے منصوبے کے آغاز پہ پوری قوم اور ریڈیو سامعین کو مبارک ہو،1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب کا منصوبہ ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں ایک انقلابی سنگ میل ہے ،ہائی پاور ٹرانسمیٹر راولپنڈی کے نواحی علاقے روات میں نصب ہوگا،منصوبے پر عمل کا آغاز آج سے ہوگا اور دو سال میں تکمیل ہوگا انشاءاللہ ،اتوار کواپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ قیام پاکستان کے بعد ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا یہ بڑا قدم ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے تعاون پر شکریہ ادا کرتی ہوں،وزارت اطلاعات کے افسران خاص طور پر ڈائیریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن اور ان کی ٹیم کی محنت اور کوششوں کو سراہتی ہوں ،1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کی آواز اور نشریات 52 سے زائد ممالک تک سنی جائیں گی ،برصغیر کے علاوہ وسط ایشیا، مڈل ایسٹ، فار ایسٹ، ترکی اور یونان تک سنی جا سکیں گی،ریڈیو پاکستان کی نشریات ہمسایہ ممالک کو کور کریں گی جن میں نیپال، بنگلہ دیش، انڈیا، افغانستان، ایران ، متحدہ امارات، قطر، ترکمانستان شامل ہیں۔
انہوں نےکہاکہ ریڈیو پاکستان کے 20 میں سے 14 میڈیم ویو طبعی عمر پوری کر چکے تھے ،جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے 33 فیصد بجلی کی بچت ہوگی جس سے ریڈیو پاکستان کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی،جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کی نشریات کی آواز کی کوالٹی بڑھ جائے گی ،جدید ٹرانسمیٹر ڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال (ڈی آر ایم) ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جس کی مدد سے ایک وقت میں چار مختلف سگنل بھیجے جاسکیں گے ،جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کے سگنل کی قوت اور دائرہ بڑھ جائے گی،جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے بعد ایمرجنسی وارننگ کی سہولت بھی میسر ہوگی جس کے ذریعے قدرتی آفات کی صورت میں شہریوں کو بروقت خبردار کیا جاسکے گا ،اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بند ریڈیو سیٹ یا ریسویور کے ذریعے بھی قدرتی آفت کی صورت میں پیغام نشر ہو سکے گا ،بین الاقوامی ادارے ڈی آر ایم کنسورشیم (برطانیہ) نے بھی ریڈیو پاکستان کو 75 سال بعد اینالاگ سے ڈیجیٹل میں تبدیلی کے حکومت پاکستان کے فیصلے کو سراہا ہے
1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب کا منصوبہ ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں ایک انقلابی سنگ میل ہے ،مریم اورنگزیب








