بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سوشل میڈیا کے ذریعے معصوم لوگوں کااغوا، ہمیں ایسے دھوکے بازوں سے انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے،قمرزمان کائرہ

اسلام آباد(ممتازنیوز )مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے سستی گاڑیوں، ٹریکٹروں اور مویشیوں کا جھانسا دے کے معصوم لوگوں کو اغوا کیا جا رہا ہے،کافی عرصے سے ایسے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے،باشعور شہری کے طور پر ہمیں ایسے دھوکے بازوں سے انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے،سستے ٹریکٹروں اور مویشیوں کا جھانسا دے کر دور افتادہ علاقوں میں بلا کر اغوا کر لیا جاتا ہے۔
اتوار کواپنےبیان میں قمرزمان کائرہ نے کہاکہ دور دراز علاقے سے کوئی آپ کو سستی چیز کا جھانسا دے تو یہ کسی صورت بھی خطرے سے خالی نہیں ہے،ایسے دھوکے میں آ کر نہ صرف فرد بلکہ پورا کا پورا خاندان ایک المیے کا شکار ہو جاتا ہےایسی قسم کا ایک جھانسا ہنی ٹریپنگ کا بھی ہے، سادہ لوح نوجوانوں کو شادی کا جھانسا دے کر دور دراز علاقوں میں بلا کر اغوا کر لیا جاتا ہے، پولیس ایسے واقعات کے سدباب کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے باشعور نوجوانوں کو ایسے معاملات میں انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ،لڑکیوں کو بھی بہلا پھسلا کر بلایا جاتا ہے اور شرمناک حرکات کا نشانہ بنایا جاتا ہے، بعض کیسز میں تو لڑکیوں کی خرید وفروخت کے شرمناک واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، والدین اپنے بچوں کو سوشل میڈیا کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ان پر نظر رکھیں،یہ زندگی بہت قیمتی ہے اسے انجانے میں ان دھوکے بازوں کے ہاتھوں برباد مت کریں،بطور معاشرہ ہمیں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے آگاہی پھلانے کی اشد ضرورت ہے ،ایسے دھوکے بازوں سے متعلق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔