بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

باجوڑ دھماکا: 54 افراد شہید ہوئے، حملہ آوروں تک تقریباً پہنچ چکے ہیں، سربراہ سی ٹی ڈی

پشاور: محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے باجوڑ خودکش دھماکے میں 54 افراد کے شہید اور 83 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کےمطابق باجوڑ میں جلسہ 2 بجے شروع ہوا اور دھماکا 4 بجکر 10 منٹ پر ہوا جس میں کُل 54 افراد شہید اور 83 زخمی ہوئے۔

ایڈیشنل آئی جی شوکت عباسی نے بتایا کہ دھماکا خود کش تھا اور موقع سے بال بیرنگ وغیرہ ملے ہیں، خودکش دھماکے میں 10 سے 12 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آور گروپ کی شناخت ہوئی ہے، دھماکے میں کوئی خاص ٹارگٹ تھا، جائے وقوعہ سے بہت سارے شواہد ملے ہیں، ابتدائی انکوائری میں ملزمان تک تقریباً پہنچ چکے ہیں، صرف فرانزک رپورٹس کا انتظار ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہےکہ دھماکے میں 90 سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 38 میتیں شناخت کے بعد ورثا اپنے ساتھ لے گئے جب کہ 8 لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث اسپتال میں رکھی ہیں۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں باجوڑ دھماکے کے 16 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے بیشترکی حالت تسلی بخش ہے اور ایک زخمی آئی سی یو میں ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نذیر خان کا کہنا ہےکہ باجوڑ دھماکے کے بعد تین مشکوک افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔

آئی جی کے پی کی گفتگو

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا کہ ورکرزکنونشن میں خودکش دھماکے والی جگہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جو ڈی این اے کے لیے بھجوا دیے ہیں، جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کی گئی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹ نے دھماکے کی جگہ سے نمونے حاصل کرلیے، دھماکے والی جگہ اور اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہیں جس کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی ٹیم واقعہ کی جگہ پر تحقیقات میں مصروف ہے، واقعے میں ملوث تنظیم اور خودکش حملہ آور کی نشاندہی کررہے ہیں، امید ہے جلد تحقیقات میں پیش رفت ہوسکیں گی۔