بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کمزور طبقات کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ احسن بختاوری

چیمبر کا تعاون الخدمت فاؤنڈیشن کے مشن کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ حامد محمود اطہر


آئی سی سی آئی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط


اسلام آباد (ممتازنیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے معاشرے کے کمزور طقبات کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے اور تمام کمیونیٹیز کے ضرورت مند اور غریب افراد کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدر حامد محمود اطہر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
دونوں اداروں نے باہمی تعاون مضبوط کر کے مختلف شعبوں میں امدادی کاموں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جن میں یتیموں کے لیے سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کا قیام، کمیونٹی سروسز کی فراہمی، یتیموں کی بہتر دیکھ بھال، ضرورتمندوں کو مائیکرو فنانس اور تعلیم کی فراہمی شامل ہیں۔ دونوں ادارے معاشرے کے کمزور افراد کومعاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے مختلف مصنوبوں پر کام کریں گے جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سماجی کاموں، معاشرے کی فلاح و بہبود، کمیونٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر فلاحی کاموں میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹائیں گے۔ دونوں ادارے اپنے ممبران کو قدرتی آفات و دیگر مشکلات کے وقت مصیبت زدہ افراد کی بہتری کیلئے رضاکارانہ طور پر کام کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے اور اس سلسلے میں ان کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ دونوں ادارے سکل ڈویلپمنٹ سینٹر، یتیموں کی دیکھ بھال، تعلیم، مائیکروفنانس، صحت اور غربت کے خاتمے سے متعلق منصوبوں کے لیے مل کر فنڈز اکٹھا کرنے کی کوشش کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت کی یاددشت کو معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے غریب افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے قابل ستائش منصوبوں پر کر رہی ہے اور چیمبر کا اس کے ساتھ کا تعاون ان مقاصد کو مزید موثر انداز میں حاصل کرنے میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر معاشی طور پر محروم افراد، یتیموں اور بیواؤں کے لیے ایک سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کی تعمیر میں تعاون کرے گا تاکہ ایسے افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکے تا کہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدر حامد محمود اطہر نے کہا کہ انہیں آئی سی سی آئی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر خوشی ہو رہی ہے کیونکہ چیمبر کا تعاون الخدمت فاؤنڈیشن کے مشن کو آگے بڑھانے میں بہت معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن چیمبر اور اس کی ممبر صنعتوں کو معاشرے کے کمزور طبقات میں امدادی سامان کی تقسیم کے لیے رضاکار فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن چیمبر کے ممبران کو غریب افراد کیلئے ضروری امدادی سامان جمع کرنے کے کام میں بھی شامل کرے گی اور اس مقصد کیلئے آئی سی سی آئی اور اس کے ممبر اداروں میں سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں گے تا کہ غریب و نادار افرادکیلئے ضروری سامان اکھٹا کیا جا سکے۔