اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہاکہ شکایت کنندہ کے بیانات نہیں سنے، یہ میری موجودگی میں ریکارڈ نہیں ہوئے، میری موجودگی میں فرد جرم عائد نہیں کی گئی، مجھے فرد جرم پڑھ کر نہیں سنائی گئی،
نجی ٹی وی کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی، جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی ، جج ہمایوں دلاور کی عدالت سے غیرمتعلقہ افراد کو نکال دیا گیا، مخصوص صحافیوں اور وکلا کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا خواجہ حارث اور گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے، الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ میں سوالات سنا رہا ہوں، جوابات دینا چاہیں تو دیں،چیئرمین پی ٹی آئی کو روسٹرم پر پیش کریں،عدالت سوالات آپ کو پڑھ کر سنائے گی ، باقی آپ کی مرضی،جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے شکایت کنندہ کے الزامات پڑھے؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ شکایت کنندہ کے بیانات نہیں سنے، یہ میری موجودگی میں ریکارڈ نہیں ہوئے، میری موجودگی میں فرد جرم عائد نہیں کی گئی، مجھے فرد جرم پڑھ کر نہیں سنائی گئی۔









