نئی دہلی(ممتازنیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں زیر تعمیر پل پر کرین گرنے سے 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جہاں شاہ پور میں زیر تعمیر پل کیلئے لوہے کا ڈھانچہ لے جانے والی کرین اچانک پل پر گر گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرین گرنے کے نتیجے میں 17 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ 3 زخمی اور متعداد افراد ملبے تلے دب گئے۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو عمل شروع کیا اور ملبے سے لاشوں کو نکالا، انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب حادثے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے 2 لاکھ بھارتی روپے جبکہ زخمی افراد کیلئے 50 ہزار بھارتی روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔









