بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مریم نوازکی اسپتال میں زیرعلاج بچی رضوانہ کی عیادت

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تشدد کی شکار بچی رضوانہ جیسا ایک واقعہ میڈیا کے سامنے آیا ہے، پتہ نہیں کتنے ایسے کیسز خوف کی وجہ سے چھپا دیے جاتے ہیں۔
مریم نواز نے جنرل اسپتال میں گھریلو تشدد کی شکار بچی رضوانہ کی عیادت کی جبکہ اس موقع لیگی رہنما پرویزرشید اورعظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایم ایس جنرل اسپتال ڈاکٹر خالد بن اسلم کی جانب سے مریم نواز کو رضوانہ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ڈاکٹر خالد بن اسلم نے بتایا کہ رضوانہ کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔

مریم نواز نے اسپتال میں بچی کی عیادت کی تو بچی رضوانہ نے بتایا کہ اسے بہت مارتے تھے اور زہر بھی پلاتے تھے، جس پر مریم نواز نے پوچھا کہ آپ نے اس بارے میں اپنے والدین یا کسی اور کو نہیں بتایا، بچی کا اس پر کہنا تھا نہیں بتایا کیونکہ وہ بہت مارتے تھے، چہرے پر زخموں سے متعلق بچی رضوانہ کا کہنا تھا یہ بھی تیزاب کے نشانات ہیں۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچی کی حالت اس سے بہت خراب ہے جو ہم سنتے آئے ہیں، بچی کو ڈنڈوں سے مارا گیا اور تیزاب سے جلایا گیا، اس کے دانت بھی ٹوٹ چکے تھے، بچی نے کہا کسی کو بتایا تو تیسری منزل سے پھینک دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قوانین کی کمی نہیں، 18 سال سے کم عمر بچوں سے متعلق قانون موجود ہیں اگر ان پر عملدرآمد ہوتا تو یہ کیس نہ آتا، یہ ہماری اگلی نسل ہے، انکی حفاظت اور تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کیس کی ملزمہ کو ضمانت اس لیے ملی کیونکہ وہ ایک جج کی بیوی ہے، جس معاشرے میں طاقتور اور کمزور میں تفریق کی جائے سوچیں وہ کہاں جائے گا۔