قصور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 اگست کو اسمبلی اور اپنی حکومت تحلیل کردیں گے جس کے بعد نگران حکومت آئے گی اور پھر انتخابات ہوں گے۔
قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ہر طبقے کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف خون کا نذرانہ پیش کیا اور پھر وہ وقت آیا جب پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا لیکن وہ کون شخص تھا جس نے کہا تھا کہ افغانستان، امریکا کی قید سے آزاد ہوگیا ہے، وہ آئیں ہم ان کو پاکستان میں بسائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے لیکن اس زمانے میں دہشت گردی کہاں سے ہو رہی تھی، آپ سب جانتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں تمام برادار ممالک سے قریبی تعلقات تھے لیکن اس کے بعد ایک جھرلو الیکشن کے نتیجے میں حکومت بٹھائی گئی جس نے بے دردی سے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو تباہ کردیا، گزشتہ حکومت نے چین، ایران، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کردیا۔
انہوں نے کہا کہ جس شخص (نواز شریف) نے ایمانداری اور خلوص سے قوم کی خدمت کی اس کو وطن سے باہر کس نے بٹھایا ہے، ثاقب نثار اور اس کے سازشی ٹولے نے ان کو پانامہ کے بجائے اکامہ میں سزا دلوائی، کسی اور کو پانامہ عدالت نے نہیں بلایا گیا صرف نواز شریف کو بلایا گیا جب اس میں موقع نہ ملا تو اکامہ میں سزا دلائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت ملی لیکن دن رات محنت کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، اگر مشکلات نہ ہوتیں تو پنجاب کی طرح ملک کے چپے چپے میں ’خوشحال انقلاب‘ لاتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر قرضوں سے جان چھڑانی ہے تو نوجوان نسل کو اس کے لیے تیار کرنا ہوگا، اس کو وہ علم مہیا کرنا ہوگا جس کے لیے دبئی، ریاض، جدہ، قطر اور کویت میں ہاتھوں ہاتھ ان کو ملازمتیں ملیں اور وہ عظیم معمار بن کر پاکستان کی خدمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں 9 اگست کو اسمبلی اور اپنی حکومت کو تحلیل کردوں گا، جس کے بعد نگران حکومت آئے گی اور پھر انتخابات ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج سے کچھ سال قبل ایک خطاب میں کہا تھا کہ 6 ماہ کے اندر بجلی کے مسائل حل نہ کیے تو میرا نام بدل دیں، جس پر مذاق اڑایا گیا لیکن 6 ماہ نہ ہی صحی، لیکن 2013 سے 2018 تک نواز شریف کے دور میں بجلی کے مسائل ختم ہوگئے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج پھر میں اللہ کو گواہ بناکر کہتا ہوں کہ اگر آپ نے اگلے انتخابات میں نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا تو میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر دن رات کام کروں گا اور پاکستان کی حالت بدل دیں گے۔









