بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فردوس عاشق نے گھریلو ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کے الزامات مسترد کردیے

لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے گھریلو ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

فرودوس عاشق اعوان کی جانب سے یہ تردید اس وقت سامنے آئی جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بڑے پیمانے پر شیئر ہوئی جس میں انہیں گرما گرم بحث میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ایک نظر نہ آنے والے شخص کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ آپ نے ہماری موجودگی میں تھپڑ مارا جس کے جواب میں سینئر سیاستدان کہتی ہیں میں نے تھپڑ مارا کیونکہ انہوں نے جھوٹ بولا۔

استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما پنجابی زبان میں نازیبا زبان استعمال کرتے، پولیس کو کال کرنے کی دھمکی اور 70ہزار روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد میڈیا میں یہ رپورٹس منظر عام پر آئی تھیں کہ فردوس عاشق اعوان نے مبینہ طور پر اپنے گھریلو عملے کے ساتھ بدسلوکی کی۔

تاہم استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان نے ان رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں الزام لگایا کہ انہیں جن لوگوں سے ویڈیو میں بحث کرتے ہوئے دیکھا گیا، وہ تین افراد کا ایسا مجرمانہ گروپ ہے جو گھریلو ملازموں کے طور پر کام کرتا ہے اور چوری کرنے کے بعد وہ فرار ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس گروپ کو ہم نے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا اور میں نے ان کے خلاف اسلام آباد میں پولیس میں ان کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان کے خلاف پہلے بھی چوری کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب 10 روز قبل اسلام آباد میں گھر میں کام کرنے والی کمسن گھریلو ملازمہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

13 سالہ لڑکی اسلام آباد میں جج کے گھر کام کرتی تھی اور جج کی اہلیہ کے خلاف تشدد سمیت دیگر دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔