پاکستانی معروف و خوبرو اداکار وہاج علی کی اپنے مقبول ترین ڈرامے ’تیرے بن‘ میں زیب تن کی گئی سیاہ شال کے حوالے سے اہم انکشاف سامنے آگیا۔
وہاج علی ان دنوں دنیا بھر میں اپنے کردار ’مرتسم‘ کے سبب بے حد مقبول ہو گئے ہیں اور ان کے مداحوں میں ایک حیران کن اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
پاکستان میں وہاج علی کے بطور ’مرتسم‘ اور ڈرامہ ’تیرے بن‘ کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ اس ڈرامے کے ہر ایک ایپیسوڈ کے نشر ہونے کے بعد اس کے ایک ایک سین پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبصرہ دیکھنے کو ملتا رہا۔
ڈرامے کا کوئی ڈائیلاگ ہو یا کرداروں کے لُک اور ملبوسات، ہر ایک چیز کو مداحوں نے بے حد باریک بینی سے دیکھا۔
اب حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے یہ انکشاف کیا ہے کہ وہاج علی نے اس ڈرامے میں جو سیاہ ویلوٹ کی شال زیب تن کی ہے وہ انہوں نے کئی سال قبل اپنے ایک ڈرامے ’عشق عبادت‘ میں بھی پہنی تھی۔



سوشل میڈیا صارف کے اس انکشاف پر ردِ عمل دیتے ہوئے خود وہاج علی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کمنٹ کیا اور جواباً ’ہاں‘ لکھ دیا۔
واضح رہے کہ وہاج علی کا ڈرامہ ’عشق عبادت‘ سال 2015 میں نشر ہوا تھا اور اس میں انہوں نے ’ساحل‘ نامی کردار نبھاتے ہوئے سیاہ شال پہنی تھی اور آج آٹھ سال بعد انہوں نے بطور ’مرتسم‘ اس شال کو پھر سے پہنا۔









