بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیشنل سیونگز سرٹیفیکٹس میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے اہم خبر

نیشنل سیونگز(national savings) کے 111 مراکز بند یا ضم کرنے کی تیاری کرلی گئی ، جس سے صارفین کو قریبی مراکز سے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے۔

وفاقی حکومت نے نیشنل سیونگز کے 111 مراکز کو غیر مؤثر اور مالی طور پر غیر پائیدار قرار دیتے ہوئے انہیں بند یا قریبی فعال مراکز میں ضم کرنے کی تیاری کرلی۔

نیشنل سیونگز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ملک بھر میں نیشنل سیونگز مراکز کی تعداد 374 سے کم کرکے 263 کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس مقصد کے تحت مراکز کی کارکردگی اور مالی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں ہر 10 لاکھ روپے کے ڈپازٹس پر 2,500 روپے آپریشنل اخراجات کا معیار مقرر کیا گیا ہے۔

غیر مؤثر قرار دیے گئے 111 مراکز کو اخراجات کم کرنے یا کاروبار اور ڈپازٹس میں اضافہ کرکے اپنی مالی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک آپشن یہ بھی ہے کہ کم کاروباری صلاحیت رکھنے والے مراکز کو ایسے علاقوں میں منتقل کیا جائے جہاں کاروباری اور سرمایہ کاری کے زیادہ امکانات موجود ہوں۔

مزیدپڑھیں:رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ کے سیٹ کے قریب آگ بھڑک اٹھی

صارفین پر ممکنہ اثر
اگر کسی مرکز کو بند یا قریبی مرکز میں ضم کیا جاتا ہے تو وہاں اکاؤنٹس، سرٹیفکیٹس یا دیگر نیشنل سیونگز خدمات استعمال کرنے والے صارفین کو مستقبل میں متبادل مرکز سے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس سے بعض صارفین، خصوصاً دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے مرکز تک رسائی کا فاصلہ بڑھ سکتا ہے اور معمول کی لین دین یا دیگر خدمات کے لیے اضافی سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم دستیاب نوٹیفکیشن کے مطابق مراکز کی بندش یا منتقلی کا مقصد نیٹ ورک کو زیادہ مؤثر بنانا ہے، جبکہ متعلقہ مراکز کو پہلے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے منصوبے پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ اس لیے تمام 111 مراکز کی فوری بندش کو حتمی اقدام قرار نہیں دیا جا سکتا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اگر کسی مرکز کی منتقلی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو علاقائی ڈائریکٹوریٹس 15 روز کے اندر کاروباری اور منتقلی کے منصوبے پیش کریں گے۔ کسی مرکز کی بندش کی صورت میں وہاں تعینات ملازمین کی تفصیلات، ان کے رہائشی علاقوں اور متبادل تعیناتی کے لیے ترجیحی مقامات کی معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔

مرکزی ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگز وزارت خزانہ کے فنانس ڈویژن کے ماتحت ایک سرکاری ادارہ ہے، جو عوام سے بچتیں حاصل کرکے حکومت کی مالی ضروریات پوری کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔