پاکستانی اداکار ، ہدایتکار اور اسکرین رائٹر شمعون عباسی نے فیس بک پر غصے سے بھری ایک ذو معنی پوسٹ شیئر کی لیکن بعدازاں اداکار نے پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا لیکن اس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔
کچھ روز قبل شمعون عباسی اور ان کی سابقہ اہلیہ جویریہ عباسی کی بیٹی عنزیلہ کی شادی ہوئی جس کی تصاویر سامنے آئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے شمعون کی پوسٹوں سمیت دیگر پوسٹ پر تبصرے کیے اور اداکار سے سوالات بھی کیے کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی میں شریک کیوں نہیں ہوئے؟

اسی قسم کے متعدد تبصرے مداحوں کی جانب سے کیے گئے جس پر اداکار نے براہِ راست تو کوئی جواب نہ دیا۔
البتہ گزشتہ شب ایک متنازع پوسٹ ضرور شیئر کی گئی جس سے متعلق قیاس آرائیاں ہیں کہ آیا یہ پوسٹ شمعون عباسی نے اپنی بیٹی اور سابقہ اہلیہ کے لیے کی ہے۔
شمعون عباسی نے حذف شدہ پوسٹ میں بغیر کسی کا نام لیے لکھا کہ ‘چند بے شرم لوگوں سے اپنے تعلقات توڑنے کی یاد دہانی کروا رہا ہوں، میں نہ کبھی ایسے بے حیا اور بے شرم لوگوں سے کوئی تعلق رکھنا چاہتا تھا اور نہ ہی کبھی ایسا کروں گا’۔

انہوں نے غصے سے بھرپور اس پوسٹ میں مزید لکھا کہ ‘مجھے فرق نہیں پڑتا کہ میرا ان سے کیا تعلق ہے مگر میری مرضی ایسے افراد سے دوری اختیار کرنے میں ہی ہے، کچھ باطنی زخم آپ کی روح کو تکلیف پہنچانے سے بچا لیتے ہیں، اللّٰہ اکبر’۔
یہ پوسٹ اب شمعون عباسی کے فیس بک اکاؤنٹ پر موجود نہیں ہے۔
پوسٹ کے اسکرین شاٹس وائرل ہوئے تو صارفین کی جانب سے شمعون عباسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل اسکرین شاٹ پر کچھ تبصرے ملاحظہ کیجیے:
ایک صارف نے کہا ‘اگر آپ اپنی بیٹی سے نفرت بھی کرتے ہیں تو اس طرح اس کا بڑا دن کیوں خراب کررہے ہیں؟ آپ کو خاموش رہنا چاہیے تھا’۔
آمنہ شیخ نامی صارف نے شمعون عباسی کے لیے لکھا کہ ‘ذاتی خاندانی جھگڑوں کی اتنی تشہیر کیوں؟ اگر آپ نے شرکت نہیں کی تو خاموش رہیں، آپ اس طرح تنقید کرنے کے پابند نہیں ہیں’۔
ایک اور نے کہا یہاں تک کہ اگر اس کا پیغام اس کے خاندان کی طرف ہے، تو اسے کچھ باپ کی محبت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا اور اس بات کو ثابت کرنا چاہیے تھا کہ والدین غیر مشروط محبت کرتے ہیں۔









