اسلام آباد(ممتازنیوز ) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملائیشیا کاسرکاری دورہ کیا اور رائل ملائیشین نیوی لیڈر شپ سے ملاقات کی۔ وزارت دفاع ملائشیا پہنچنے پر رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب نے پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ سے ملاقات میں دوطرفہ بحری تعاون اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز (RMSP) کے اقدام اور کمبائنڈ میری ٹائم فورس میں شرکت کے ذریعے علاقائی میری ٹائم امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور مضبوط دوطرفہ دفاعی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا.
بعد ازاں پاک بحریہ کے سربراہ نے ملائشین نیشنل ڈیفنس کالج پسپاہناس کا دورہ کیا۔ پسپاہناس آمد پر کالج کے صدر نے امیرالبحر کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیاگیا. نیول چیف کو کالج میں دی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے ڈی جی نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر (NHC) سے بھی ملاقات کی جہاں انہیں نیشنل ہائیڈرو گرافک سینٹر کے کردار اور صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے ملائیشین نیشنل ہائیڈروگرافک اور پاکستان کی ہائیڈروگرافک سروسز کے مابین تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔










