بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وقت آیا تو آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم میرٹ پر کریں گے ،خواجہ آصف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جب وقت آیا تو نئے آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم شہبازشریف میرٹ پر کریں گے،الیکشن شیخ رشید کے کہنے پر نہیں ہونے ،عمران خان کا زوال ان کی حرکتوں کی وجہ سے ہوا، فواد چودھری نے صحیح کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب ہونے کی وجہ سے ان کی حکومت گئی ۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے ہمارے خلاف گھیرا تنگ کرنے والی کوئی بات نہیں ، یہ سیاسی ہتکھنڈے استعمال کر رہے ہیں ،ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والے اپنے بچے برطانیہ ایکسپورٹ کئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پہلے بھی گرادو، جلا دو اور مار دو کے الفاظ استعمال کرتے رہے ،پرویز مشرف سے عمران خان کے دور تک وہ بہت سے دعوے کرتے رہے جو بعد میں ہوا میں تحلیل ہوئے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے جو فوج کی مداخلت کی بات تو وہ فوج کے براہ راست سیاسی کردار سنبھالنے پر کی تھی جس پر ہمیشہ ہم نے اعتراض کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو اپنے ووٹوں کی تعداد سے نکالا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایک خاتون نے عمران خان سے اہلخانہ سے تعلقات کی بناء پر اربوں روپے کمالئے اور آج وہ مفرور ہے ،یونیورسٹی کے نام پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالا گیا۔ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی نومبر میں ہونی ہے ابھی تو سات ماہ باقی ہے جب وقت آیا تو وزیراعظم میرٹ پر اور فوج کی سفارشات کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کریں گے اور کوئی امر ان کے آئینی آختیارات میں مانع نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ عمران خان کا جو زوال آیا یہ ان کی حرکتوں کی وجہ سے آیا ،فواد چودھری نے صحیح کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ان کے تعلقات خراب ہوئے،عمران خان کی حکومت جانے کے حالات اکتوبر نومبر کے بعد سے شروع ہوئے، یہ ان مشکلات کو حل نہیں کرسکے اور ان کے ارکان کی بڑی تعداد منحرف ہوگئی،عدم اعتماد پر ہمارے ووٹ بڑھ گئے تاہم منحرف ارکان نے عدم اعتماد پر ووٹ نہیں ڈالا لیکن یہ حقیقت ہے کہ ہم نے عمران خان کو ووٹوں سے نکالا ۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں گھپلے کئے گئے، اس کیس کو دیکھا جائے تو اس میں بھی ملازموں کے نام پر پیسے آئے ہوئے ہیں ،شوکت خانم کے نام پر سیاسی جماعت کےلئے پیسے لئے گئے ، جو شخص اپنی والدہ کے نام پر بھی سیاسی جماعت کےلئے پیسے لے اورسیاسی دکانداری چمکائے اس شخص کا کیا اخلاقی معیار ہے ، اس سے بڑی کوئی بدیانتی نہیں ہوسکتی ۔خواجہ آصف نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی تقرری کے حوالے سے پرویز خٹک نے میرے ہاتھ میں چٹ دی تھی کہ ہماری طرف سے یہ تجویز ہے ،آج یہ ان کو گالیاں دے رہے ہیں ،اس وقت انہوں نے ہمارے سامنے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ یہ نام فوج کی طرف سے ہے یا اسٹیبلشمنٹ کا تجویز کردہ ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ثاقب نثار کو اپنی کرسی کا احترام کرنا چاہیے ،انہوں نے جو فیصلے کئے متنازع ہیں ،ان کے اپنے غبن بھی سامنے آرہے ہیں ، دس ہزار درہم کےلئے ایک شخص کو نااہل کردیا اور اب دُم پر پائوں آیا تو یہ چیخ رہے ہیں۔شیخ رشید کی طرف سے30مئی سے پہلے الیکشن کے بیان پر خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن شیخ رشید کے کہنے پر نہیں ہوں گے ، ہم جب یہ دیکھیں گے کہ وقت الیکشن کےلئے موزوں ہے تو الیکشن کا اعلان کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح کی حرکتیں صدر اور گورنر پنجاب نے کیں مہذب لوگ نہیں کرتے ۔