اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انوارالحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوارالحق کاکڑ سے نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔
ان کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف، صوبوں کے گورنرز اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔
سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف ایوان صدر سے روانہ ہوگئے، روانگی سے پہلے سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
شہبازشریف کو بطور وزیراعظم ڈی نوٹیفائی بھی کردیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد شہباز شریف وزیراعظم نہیں رہے۔
کابینہ ڈویژن نےانوارالحق کاکڑ کے بطور نگران وزیراعظم کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت کی منظوری کے بعد انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم بن گئے ہیں۔
خیال رہےکہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام کی منظوری دی تھی جس کے بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سمری پر دستخط کر دیے تھے۔
انوارالحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا








