اسلام آباد(ممتازنیوز)سابق وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہاہے کہ الیکشن فروری میں ہوں گے تو نوازشریف کاستمبر،اکتوبرمیں آنامناسب ہوگا، نوازشریف کو پورا یقین ہے کہ الیکشن فروری میں ہو جائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ مردم شماری کا معاملہ آنے کے بعد بھی الیکشن فروری میں ہوجائیں گے، میرے خیال میں اب زیرورسک میں کوئی چیزباقی نہیں رہ گئی۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف واپس آکرانتخابی مہم چلائیں گے،وہ کس تاریخ کو واپس آئیں گے اعلان وہ خود یا پارٹی کرے گی، نوازشریف نے دومرتبہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، موجودہ حالات میں قوم نوازشریف کی ہی بات سنے گی،عام انتخابات اکتوبر میں ہوتے تو نوازشریف واپس آچکے ہوتے۔انہوںنے کہاکہ نگران سیٹ اپ کے ساتھ ملک آگے نہیں چل سکتا ،اسٹیبلشمنٹ اب بھی الیکشن نوے روزمیں چاہتی ہے۔ایک سوال پرراناثنااللہ نے کہاکہ یہ بالکل غلط ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ بیلٹ پیپرزپربلے کا نشان نہ ہو،تاہم نومئی کے جتھے کے کسی رکن کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے،نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔









