نیو یارک(نیوزڈیسک )عالمی ماہر موسمیات جیسن نکولس نے پیشگوئی کی ہے کہ پیر تک پاکستان اور بھارت میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق عالمی ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی بھارت میں بارش کا امکان ہے ،البتہ موسم پیر تک گرم رہے گا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا (کے پی) کے برفانی علاقوں میں گرمی کی شدت کے باعث برف پگھلنے سے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 4 سے5 دنوں کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5، 7 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنےکا امکان ہے، اپر اور لوئر چترال سمیت کوہستان اپر کے برفانی علاقوں میں گرمی کی لہر کی صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ گرمی کی لہر سے برف کے پگھلنے کی شرح بڑھنے سے سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے ہدایت جاری کی ہے کہ ندی نالوں اور دریاؤں سمیت پانی کے راستوں کے قریب رہنے والی آبادیوں کو الرٹ رکھیں، تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔
گرمی کی موجودہ لہر کب تک برقرار رہے گی؟محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی نے ہلچل مچا دی








