بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

PTI چیئرمین کو ایک مرتبہ پھر بیرون ملک بھیجنے کی پیشکش

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اٹک جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو بیرون ملک بھیجنے کی پیشکش کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا جارہا ہے،

اور یہ اس حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے فضا بنائی جارہی ہے جس کے تحت آنے والے قومی انتخابات میں ملک کی بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کو بھی دوسری جماعتوں کی طرح انتخابات میں حصہ لینے کیلئے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

تاہم ذرائع کے مطابق تینوں جماعتوں کے قائدین کو یہ اجازت نہیں ہوگی کہ وہ انتخابات میں حصہ لے سکیں۔

ان ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائدین اور راہنما مسلسل یہ اظہار کر رہے ہیں کہ ان کے قائد میاں نواز شریف چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور انتخابات میں حصہ لینے کیلئے جلد ہی پاکستان واپس آکر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔

لیکن ان کی راہ میں قانونی اور آئینی پیچیدگیاں موجود ہیں اس لئے ان کے مخالفین یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ اس بناء پر میاں نواز شریف کی وطن واپسی انتہائی مشکل ہوگی اور اگر وہ وطن واپس آنے کا ارادہ کر بھی لیتے ہیں تو انہیں وطن واپسی پر پہلے جیل جانا پڑے گا،

جبکہ دوسری طرف سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ مسلسل یہ دعویٰ ببانگ دہل کر رہے ہیں اور ٹی وی پروگرامز میں بھی اس دعوے کا بار بار اظہار کر رہے ہیں کہ

’’ہماری بات ہوچکی ہے میاں نواز شریف وطن واپس بھی آئیں گے اور ہرگز جیل نہیں جائیں گے بلکہ انتخابی مہم کی قیادت کریں گے‘‘