نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول جاری ہو گیا ہے جس کے مطابق پاکستان کے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 22 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ نیویارک میں آجکل اقوام متحدہ کی جانب سے اگلے ماہ ہونے والے جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
رواں سال ہونے والے جنرل اسمبلی کے اجلاس کا ماٹو “اعتماد کی تعمیر نو اور عالمی یکجہتی کی بحالی” رکھا گیا ہے۔ 78 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نومنتخب صدر ڈینس فرانسس کریں گے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کا آغاز 5 ستمبر بروز منگل سے ہو جائے گا تاہم جنرل اسمبلی کا “ہائی لیول ویک” 19 ستمبر سے شروع ہو کر تا 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔ جس سے ممبر ممالک خطاب کریں گے۔
اس سلسلے کی سب سے اہم کڑی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے ممبر ممالک کا شیڈول ہوتا ہے۔ جو اب اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کا باقاعدہ ہائی لیول اجلاس 19 ستمبر کو شروع ہو کر 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے روزانہ دو سیشن ہوں گے۔ پہلے سیشن کے اوقات صبح 9 بجے سے لیکر دن 2:45 تک جبکہ دوسرا سیشن سہ پہر 3 بجے سے رات 9 بجے تک ہو گا۔ دونوں سیشنز سے روزانہ اوسطاً پنتیس سے چالیس ممالک کے سربراہان خطاب کریں گے۔
19 ستمبر کو افتتاحی اجلاس سے روایتی طور پر پہلی تقریر برازیل کے صدر لوئز انسئو ڈا سلوی کی ہو گی۔ جبکہ اجلاس کے دوسرے اہم مقرر امریکہ کے صدر جو بائیڈن ہوں گے۔ پہلے روز مجموعی طور پر دونوں سیشنز سے 37 ممالک کے ہیڈ آف سٹیٹ یا سربراہ حکومت خطاب کریں گے۔ 22 ستمبر بروز جمعہ کو پہلے سیشن سے خطاب کرنے والے 19 ممالک میں پاکستان کا نمبر 9 وا ں رکھا گیا ہے۔ پاکستان سے پہلے یونان اور بعد میں بارباڈوس کے سربراہ حکومت خطاب کریں گے۔ فہرست کے مطابق چین کا خطاب 23 ستمبر کو پہلے سیشن میں ہو گا۔
فہرست میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کا خطاب بھی 22 ستمبر کو دوسرے سیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ اسی روز دوسرے سیشن میں بھارت کے علاوہ دیگر سترہ ممالک کے سربراہان بھی خطاب کریں گے۔ شیڈول کے مطابق 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اختتامی اجلاس سے 6 ممالک خطاب کریں گے۔ خطاب کرنے والا آخری ملک میانمار ہو گا۔









