بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی مسجد اقصی پر اسرائیلی قابض افواج کے چھاپوں کی شدید مذمت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے مسجد اقصی پر اسرائیلی قابض افواج کے چھاپوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان آج مسجد اقصی پر اسرائیلی قابض افواج کے چھاپوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج نے چھاپے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جمعہ الوداع کے موقع پر مارے، ان چھاپوں و حملوں کے نتیجے میں متعدد نہتے فلسطینی عبادت گزار زخمی ہوئے۔
عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو ہفتوں میں مسجد الاقصی پر اسرائیلی حملوں کے نتیجہ میں 300 سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے خلاف بلا امتیاز طاقت کا استعمال تمام انسانی اقدار و انسانی حقوق قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جبکہ ایسے حملے فلسطینیوں کو زخمی کر نے کے علاؤہ اسلامی مقامات مقدسہ کے تقدس کی بھی خلاف ورزی ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اقدامات اختیار کرے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی خلاف ورزیاں تناو اور خطے میں عدم استحکام کو فروغ دے رہی ہیں جو کہ مسلم امہ کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ ہم فلسطینی عوام اور فلسطین کاز کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، فلسطینی عوام اور فلسطین کاز کے لیے مسلسل حمایت ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول رہی ہے۔