بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پرویز الٰہی کی گرفتاری: ’عدالت نے یہ نہیں کہا کہ کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے‘نگران وزیر اطلاعات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چودھری پرویز الٰہی کی عدالتی حکم پر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری پر نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ عدالت نے پرویز الہیٰ کی نظربندی کےخلاف فیصلہ دیا تھا، عدالت نے یہ نہیں کہا کہ کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرت ہوئے نگران وزیر اطلاعات نے پرویز الٰہی کی گرفتاری پر کہا کہ پولیس کے پاس کوئی مقدمہ ہے تو وہ انتظار نہیں کرے گی، پرویزالہیٰ کی گرفتاری کے حوالے سے پولیس کو اختیار تھا، پولیس وزارت داخلہ کی ہدایت کا انتظار نہیں کرے گی۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کب کس کو گرفتار کرنا ہے اس کا فیصلہ حکومت نہیں کرتی۔ ہمارا کام یہ دیکھنا نہیں کہ روز کس کی گرفتاری کیسے ہوتی ہے۔
بیوروکریسیز میں اکھاڑ پچھاڑ کے سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے تبادلوں کے احکامات جاری نہیں ہوئے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہر گرفتار ہونے والا شخص سیاسی قیدی نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے کوئی مقدمات نہیں بنائے، ادارے انتظامیہ کے ماتحت ہیں، نگراں حکومت مقدمات میں مداخلت نہیں کرتی، ہم عدالت یا جج نہیں،مقدمات کےفیصلہ کرنا حکومت کا کام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے، اظہار رائے کی آزادی ہے، لیکن پرتشدد احتجاج کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی جھوٹے مقدمات بنتے ہیں، انصاف کے معیار پر میں بات نہیں کرسکتا، اگر کسی سے زیادتی ہوئی ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے پاس لامحدود اختیارات نہیں ہیں، خیبرپختونخوا کی سابق نگراں کابینہ نے اختیارات سے تجاوز کیا تو الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ کو ختم کردیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم نےالیکشن نہیں کرانے، الیکشن کمیشن کی مدد کرنی ہے، ہم ہرکام الیکشن کمیشن کی اجازت سے کرتے ہیں، الیکشن کمیشن جو تاریخ دے گا الیکشن اس پر یقینی بنائیں گے۔