سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے بیان پر چودھری سالک حسین کا ردعمل بھی آگیا ، کہتے ہیں کہ پورے پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو معلوم ہے وزیر بننے کا شوق کسے تھا، چودھری شجاعت ان کے اصرار پر 3 بار پی ٹی آئی چیئرمین کے پاس گئے کہ مونس کو وزیر بنا دو۔
چودھری سالک نے کہا کہ پرویز الٰہی کے اصرار پر پی ڈی ایم سے ان کے لیے وزارت اعلیٰ مانگی،مجھے نہ تب وزیر بننے کا شوق تھا نہ بعد میں۔
انہوں نے کہا کہ ماموں جان بیٹے کا غصہ مجھ پر نکال رہے ہیں کوئی بات نہیں میرے بڑے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی ۔
پرویز الٰہی سے سوال کیا گیا کہ آپ ق لیگ میں واپس کیوں نہیں جارہے؟ جس پر پرویز الٰہی نے جواب دیا کہ انہیں تو چودھری شجاعت حسین نے خود پی ٹی آئی میں بھیجا ہے۔
جس کے بعد پرویز الٰہی سے سوال کیا گیا کہ چودھری شجاعت حسین پھر خود پی ٹی آئی میں کیوں نہیں آتے؟
جس پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت پی ٹی آئی میں سالک حسین کی وجہ سے نہیں آتے کیونکہ سالک حسین کو وزیر بننےکا بہت شوق تھا۔
پرویز الٰہی کے بیان پر چودھری سالک حسین کا ردعمل آگیا








